
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی حمایت کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی سربراہ نواز شریف سے رابطہ کیا،جس میں نواز شریف نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی حمایت کی۔
ن لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا،نواز شریف نے شہباز شریف کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی،شہباز شریف نے فضل الرحمان کو زرداری اور بلاول بھٹو سے بات چیت سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو بتایا کہ بالمشافہ ملاقات میں بھی انہیں اعتماد میں لیں گے۔
دونوں قائدین کی گفتگو کی روشنی میں پی ڈی ایم اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا،پی ڈی ایم اجلاس بلانے کے لیے تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔
گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف سے ملنے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر گئے تھے۔
شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز،بھتیجی مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ رہائش گاہ پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا خیر مقدم کیا تھا،ملاقات میں حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ik-nawaz-adm11.jpg