
قومی احتساب بیورو (نیب) نے نوازشریف کے دور حکومت میں جاپان کی جانب سے ملنے والے 25 کروڑ ڈالر کے فنڈز کی خوردبرد سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ نیب کے مطابق 1998 میں سوشل ایکشن پروگرام کیلئے جاپان سے 25 کروڑ ڈالرز کے فنڈز حاصل کیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف 24 سال پرانا کیس کھول دیا ہے جس کے مطابق 25 کروڑ ڈالر کہاں خرچ ہوئے کوئی سراغ نہیں مل رہا۔ جس کیلئے نیب نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کو 25 کروڑ ڈالر کے فنڈز کے استعمال سے متعلق کوئی ریکارڈ نہیں مل سکا، یہ فنڈز تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر خرچ کرنے کیلئے جاپان کی حکومت کی جانب سے 1998 میں نوازشریف کے اقتدار کے دوران حکومت پاکستان کو دیئے گئے تھے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ فنڈز قرض اتارو ملک سنوارو کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے تھے تاہم اس حوالے سے کوئی دستاویز یا ریکارڈ سامنے نہیں آ سکا کہ یہ رقم واقعی قرض اتارو ملک سنوارو کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے بھی گئے تھے یا نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے جو تفصیلات طلب کی گئی ہیں وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اس پر جواب تیار کیا جا رہا ہے تاہم وزارت کو فی الحال اس پر کوئی معلومات میسر نہیں ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2nawaznabaikaurcase.jpg