
پاکستان آنے سے پہلے وہ سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ عمرہ ادا کریں گے: ذرائع
سابق وزیراعظم وتاحیات قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے حوالے سے ابھی تک شکوک شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو وطن واپس آنے سے پہلے میاں محمد نوازشریف نے 4 انتہائی اہم ملکوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
نوازشریف وطن واپس آنے کے ساتھ ساتھ ملک میں بڑی سرمایہ کاری لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ میاں محمد نوازشریف پاکستان آنے سے پہلے 3 دن بعد لندن سے 9 اکتوبر کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے جہا ںوہ عمرہ کی ادائیگی بھی کریں گے۔ میاں محمد نوازشریف نے متحدہ عرب امارات کے دورے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ قطر کے مختصر دورے کا پروگرام بھی زیرغور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں محمد نوازشریف کی ٹیم کے چین کے حکام کے ساتھ بھی رابطے ہوئے ہیں جس کے بعد ملک آنے سے پہلے چین کا اہم دورہ کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ چین کی طرف سے نوازشریف کے ساتھ کام کرنے کا گرین سگنل دیا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ میاں محمد نوازشریف کی وطن واپسی پر ملک میں سرمایہ کاری کے بڑے اعلانات ہوں گے۔
دوسری طرف آج لاہور ہائیکورٹ میں میاں محمد نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ اب بھی دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق انہیں انجائنا کی علامات ظاہر ہونے اور کرونا وبا کے باعث پاکستان جانے سے روکا گیا اور ماضی میں ہوئے بائی پاس اور اینجیو پلاسٹی کے باعث مسلسل چیک اپ ہوتا رہا ہے اور فالواپ کی ضرورت ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12nawazshairifkjskjdjf.png