
سینئر تجزیہ کار کامران خان نے ملک میں جاری حالیہ سیاسی بحران کے حوالے سے افواج پاکستان کی لیڈرشپ سے ایک اہم اپیل کردی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ویڈیو بیان میں کامران خان نے کہا کہ مسئلہ قومی سلامتی اور معیشت سے رستے مسلسل خوف ہے جس کی وجہ سے نظام حکومت ایک ماہ سے تقریبا مفلوج ہے ،اس لیے آج میں افواج پاکستان کی لیڈرشپ سے ایک اپیل کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی جنگ و جدل پاکستان کو گہری دلدل میں دھکیل رہا ہے، فوج اس معاملے میں غیرجانبدار ہے مگر غیر جانبدار ہونا ایک بات ہے اور بحران سے لاتعلقی دوسری بات ہے کیونکہ یہ لاتعلقی پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1508795942535057413
کامران خان نے کہا جہاں وزیراعظم عمران خان ملکی معاملات میں بیرونی سازشوں سے متعلق پنڈورا بکس کھول بیٹھے ہیں ، وہیں ملکی معیشت کو سنگین خطرات کا بھی سامنا ہے، اپوزیشن اس وقت ملک میں مہنگائی مکاؤ مہم چلارہی ہے، موجودہ اپوزیشن اگر حکومت میں آکر معاشی پالیسیوں کو تبدیل کرتی ہے تو اس کے بھی خطرناک نتائج مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو اس خطرناک بحران سے روکنے کا بند اس وقت باندھنا ہوگا، یہ کام اول بھی فوجی قیادت نے کرنا ہے اور آخر بھی فوجی لیڈر شپ نے ہی کرنا ہے، فوجی قیادت کو چاہیے سیاست سے جڑے قومی سلامتی کے مسائل کا فوری مذاکراتی حل ڈھونڈنا ہوگا۔
کامران خان نے کہا کہ آج بھی فوجی قیادت کی سکت موجود ہے وہ سیاسی جنگ میں سیز فائر کروانے اور دونوں فریقین کو جلد نئے انتخابات کروانے کیلئے ایک پیج پر اکھٹا کرنے میں کردار ادا کرے اور اس سے قبل ایک قومی میثاق معیشت کی تشکیل میں محور کا کردار ادا کرے۔