
توقع ہے نگران پنجاب حکومت ملک کے آئین وقانون کے مطابق فیصلہ کرے گی: الیکشن کمیشن کا مراسلہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب وچیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ لکھ کر نگران پنجاب حکومت کو پالیسی سے متعلق بڑے فیصلے لینے کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ نگران پنجاب حکومت کی طرف سے پالیسی کے حوالے سے بڑے فیصلے لینے بارے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ نگران پنجاب حکومت کو پالیسی متعلق بڑے فیصلے لینے کا اختیار نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق نگران حکومت صرف اور صرف ڈے ٹوڈے افیئرز چلا سکتی ہے اس کے پاس پالیسی بارے بڑے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کی طرف سے گرین بیلٹ پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے قیام کیلئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) دیئے جا رہے ہیں حالانکہ ایسے فیصلے لینے کا اختیار صرف منتخب حکومت کو ہے نگران حکومت کو نہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے حکم جاری کیا گیا ہے کہ گرین بیلٹ پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے قیام کیلئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنا بند کیا جائے جس کیلئے نگران پنجاب حکومت ڈپٹی کمشنرز کو فوری طور پر ہدایات جاری کریں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ نگران پنجاب حکومت کی طرف سے ملک کے آئین وقانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی سوسائٹیز کو این او سیز جاری کرنے میں کرپشن کا عنصر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سول سوسائٹیوں کو این او سی جاری کرنے کا اختیار صرف اور صرف منتخب حکومت کے پاس ہے۔ نگران پنجاب حکومت کسی نجی ہائوسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری کرنا ضروری سمجھتی ہے تو معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا جا سکتا ہے۔
دوسری طرف نگران پنجاب حکومت کو الیکشن کمیشن کی طرف سے کام سے روکنے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت کی طرف سے ریمارکس دیئے گئے کہ نگران حکومت کو کام کرنے سے روکنے پر مشکلات کا سامنا ہو گا، کسی نے تو معاملات چلانے کیلئے حکومت کرنی ہے۔ عدالت کی طرف سے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں جواب طلب کر لیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ecp-pak-smt.jpg