نادر علی کی مزاحیہ ویڈیوز نے میری جان بچائی، شیر افضل مروت

nadirh1i1h21.jpg

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مرورت کو یوٹیوبر نادر علی کی کامیڈی نہ صرف پسند ہے بلکہ ان کی کامیڈی نے ان کی جان بھی بچائی ہے,شیر افضل مروت نادر علی کے بڑے مداح ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ نادر علی کی مزاحیہ ویڈیوز نے میری جان بچائی ہے، میں آج بھی ان کا بڑا مداح ہوں، اگر زندگی میں کسی ایک شخص کا فین ہوں تو وہ نادر علی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیر افضل مروت کی وائرل ویڈیو میں انہیں خاتون کو انٹرویو دیتے دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ اپنی زندگی کی مشکلات اور اس میں یوٹیوبر نادر علی کے مثبت کردار کا ذکر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایک ایسا وقت آیا تھا کہ میں بہت مسائل کا شکار تھا، مجھے ایسا لگتا تھا کہ مجھے اپنے پرائے تنگ کرتے ہیں اور بہت زیادہ ذہنی تناؤ تھا جو ایک سے ڈیڑھ سال کا عرصہ تھا جو میں نے بہت تکلیف میں گزارہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ دور تھا جب ہمارے علاقے میں امن و امان کے مسئلے تھے، میرے والد کا قتل کردیا گیا تھا، خود میں بھی حملوں کی زد میں رہا تو میں سوچا کرتا تھا کہ یہ زندگی اتنی بھاری کیوں ہے، ساری تکلیف سے یکمشت ہی نجات حاصل کر لیں تو کبھی کبھار زندگی میں بڑے عجیب و غریب خیال آیا کرتے تھے لیکن پھر اللہ نے استقامت دی۔

اس موقع پر انہوں نے پرینکسٹر اور یوٹیوبر نادر علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نادر علی کے پرینک نے میری جان بچائی ہے، میں ان کی ایک ایک ویڈیو کو 50 سے 100 بار دیکھا کرتا تھا,میں آج بھی نادر علی کا بڑا مداح ہوں، میں کراچی گیا تھا لیکن ان سے ملاقات کا موقع نہیں ملا اور اگر زندگی میں کسی ایک شخص کا فین ہوں تو وہ نادر علی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نادر علی کو بہت پسند کرتا ہوں، ان کی ایک ایک ویڈیو کا مجھے شدت سے انتظار رہتا ہے اور میں نے ان سے رابطے کی بھی بہت کوشش کی,ان کی یوٹیوب پر ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں جب ان سے سوال پوچھا جاتا ہے کہ آپ کس ایک شخص سے دوستی کرنا چاہتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ میں نادر علی سے دوستی کرنا چاہتا ہوں۔

شیر افضل مروت کی جانب سے نادر علی کی پرینک ویڈیو کو اپنی زندگی بچنے کی وجہ قرار دینے کے بعد یوٹیوبر کا بھی ردِ عمل سامنے آگیا, انسٹاگرام پر شیر افضل مروت کی ایک اور ویڈیو شیئر کر کے نادر علی نے لکھا کہ 'زندگی میں ان کا احسان لے کر اس دنیا سے جانا پسند کروں گا'۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ گزشتہ رات انہیں اچانک ایک نمبر سے کال آئی، عموماً وہ ان نمبرز سے کال نہیں اٹھاتے جنہیں وہ جانتے نہیں، لیکن اس کال کو اٹینڈ کیا تو نادر علی بول رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی، مزا آگیا، اب میں کراچی جارہا ہوں اور 2 دن صرف نادر علی کے ساتھ وقت گزاروں گا۔

شیر افضل کا کہنا تھا کہ انہوں نے یوٹیوبر سے درخواست کی تھی کہ آپ مجھے ٹائم دیں، ہم جائیں گے ڈنر کریں گے، یہ آدمی اثاثہ ہے اس ملک و قوم کا, ان جیسے اور بھی پرینکسٹرز ہیں جو بہت اچھا کام کررہے ہیں لیکن نادر علی کے معیار کا کوئی نہیں۔