نئے کرنسی نوٹوں کے آرٹ مقابلے میں خواتین بازی لے گئیں!
10، 100، 500، 1000 اور 5000 کے نوٹ خواتین نے ڈیزائن کیے: رپورٹ
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کے لیے کروائے گئے آرٹ مقابلے کے نتائج جاری کردیئے ہیں جس میں شارٹ لسٹ کیے گئے 10 روپے کے 2 اور 500 روپے کے ڈیزائن شامل ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق کامیاب قرار پائے ڈیزائن علامتی ہیں جنہیں ہمارے ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی طرف سے باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد منتخب کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ مقابلے میں خواتین بازی لے گئی ہیں۔
سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کیے گئے مقابلے کے نتائج کے مطابق مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے 5 بینک نوٹس کے ڈیزائن خواتین نے تیار کیے ہیں جبکہ کامیاب قرار پائے 10 ڈیزائن میں سے 6 خواتین نے تیار کیے گئے۔ آرٹ مقابلے میں پہلے نمبر پر آنے والے 20 اور 50 روپے کے نوٹ مرد حضرات جبکہ 10، 100، 500، 1000 اور 5000 کے نوٹ خواتین نے ڈیزائن کیے۔
سٹیٹ بینک کے آرٹ مقابلے میں دوسرے نمبر پر آنے والے 500 روپے کے نوٹ کو بھی خاتون آرٹسٹ نے تیار کیا ہے جبکہ 10 اور 5 ہزار کے ڈیزائن مرد آرٹسٹ نے تیار کیے ہیں۔ بینک نوٹوں کے کامیاب ڈیزائن عالمی ماہرین کو بھجوائے جائیں گے جو سٹیٹ بینک کی نئی سیریز ڈیزائن کریں گے اور کامیاب ڈیزائن رہنمائی کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آرٹ مقابلے میں شارٹ لسٹ ہونے والے 5 ہزار روپے کے 2 ڈیزائنوں میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی تصویر والا نوٹ شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ 1 ہزار کے نوٹ پر لیاقت علی خان کے مکے کا نشان موجود ہے جبکہ پچھلی سائیڈ پر ہاتھوں کی زنجیر ہے، نئے ڈیزائن عالمی ماہرین دیکھ کر فائنل کریں گے اور سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ نئی نوٹوں کی سیریز کو قومی ثقافتی ورثے کا عکاس بنائیں گے۔
یاد رہے کہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ ڈیجیٹل کرنسی پر کام ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ نئے نوٹ لانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ نئے ڈیزائن کے نوٹس متعارف کروانے کے بعد 5 سالوں میں پرانے نوٹ ختم کیے جائیں گے اور پہلے کسی ایک مالیت کا نوٹ پلاسٹک کرنسی میں متعارف کروایا جائیگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sb-p.jpg