موٹروے ایم 9 پر ٹول ٹیکس کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم سے وصولی،وقت بچنے لگا

moterway.jpg


کراچی تا حیدرآباد موٹر وے ایم 9 پر گاڑیوں کے ڈرائیورز سے ٹول ٹیکس کی وصولی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے تحت وصول کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق دیکھنے میں آ رہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے نہ صرف وقت کی بچت ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو گاڑیوں کی طویل قطاروں میں انتظار بھی نہیں کرنا پڑ رہا۔

موٹر وے ایم 9 انتظامی حکام کے مطابق حیدرآباد، کراچی اور دیگر انٹرچینجز کے ٹول پلازہ پر جدید نظام نصب کردیا گیا ہے جس نے آزمائشی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے۔

اس سسٹم کے تحت کوئی بھی گاڑی جب ٹول پلازہ کے گیٹ میں داخل ہوتی ہے تو اسے روکا نہیں جاتا بلکہ جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیمروں سے گاڑی، نمبر پلیٹ اور سوار افراد کی تصویر بن جاتی ہے۔

گاڑی موٹر وے ایم 9 سے باہر نکلنے کیلئے جونہی کسی ٹول ٹیکس گیٹ پر پہنچتی ہے تو آٹومیٹک کیمرہ اس کی داخلی گیٹ سے لی گئی تصویر سے موازنہ کرتا ہے اور گاڑی کے طے کیے گئے فاصلے کا تعین کرکے کاؤنٹر کلرک کو ٹول ٹیکس کی رقم سے آگاہ کرتا ہے۔

اس طرح رقم کی ادائیگی ہوتے پر ٹول ٹیکس کا ایگزٹ گیٹ کھل جاتا ہے۔ واضح رہے ملک بھر کے دیگر موٹرویز پر یہی کام کرنے کیلئے ورکرز موجود ہیں جہاں اکثر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں، وہاں یہ کام کمپیوٹرائزڈ پرچیوں کی مدد سے لیا جاتا ہے۔