
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف کو اسمبلیوں کی نشستوں سے استعفے دینے کا مشورہ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ایک غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کو اسمبلیوں سے باہر آنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر مشترکہ طور پر تحریک چلا کر ہی معاملات کو حل کیا جاسکتا ہے، یہ اسمبلی دھاندلی زدہ ہے اسی لیے اس اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، اسمبلیوں سے باہر آکر تحریک چلا کر اس حکومت کو گھر بھیجا جاسکتا ہے اور نئے انتخابات کی طرف جایا جاسکتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1810957697744785490
تاہم اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی اسمبلیوں سے باہر آنے کی غلطی کرکے دیکھ چکی ہے، پارلیمنٹ میں رہ کر پھر بھی تھوڑا بہت بولا جاسکتا ہے اور اپنا موقف سامنے رکھ دیا جاتا ہے، اسمبلیوں سے استعفے کا مشورہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیاجارہا ہے کہ آئندہ ہفتے پی ٹی آئی کے وفد اور مولانا فضل الرحمان کی فیصلہ کن ملاقات ہوگی جس میں دونوں جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے اہم پیش رفت کا امکان ہے۔