
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزااہلیسکووا کو منشیات کیس کی اسمگلنگ میں ملنے والے 8 سال قید کی سزا سے بری کر دیا۔
ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ماڈل ٹریزا کو ملنے والی 8 سال قید کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، فاضل عدالت نے وکلا کے تفصیلی دلائل سن کر فیصلہ سناتے ہوئے سزا کے خلاف دائر اپیل منظور کرتے ہوئے ماڈل کو بری کر دیا۔
یاد رہے کہ وسطی یورپ کے ملک چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والی ٹریزا نامی ماڈل کو ٹرائل کورٹ نے منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں 8 سال 8 ماہ کی قید کی سزا سنائی تھی۔ غیر ملکی ماڈل نے ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ ماڈل ٹریزا کو 10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے کسٹمز حکام نے گرفتار کیا تھا۔
ٹرائل کورٹ نے ماڈل کو ایک لاکھ 13 ہزار 337 روپے جرمانہ بھی کیا تھا۔ جب کہ اس کے شریک مجرم شعیب حفیظ خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا تھا۔ فیصلہ سننے کے بعد ماڈل عدالت میں پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/drug.jpg