منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی،عورتوں کا پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ، 3 زخمی

musn1h1123.jpg


سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون مومن آباد میں پولیس کو منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کرنا مہنگا پڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون کی حدود میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروںکو ملزمان کو حراست میں لینا مہنگا پڑ گیا۔

پولیس اہلکاروں نے مبینہ منشیات فروش کو ایرانی کیمپ کے قریب سے پکڑا تھا جس کے بعد علاقے کی عورتوں نے مزاحمت شروع کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کارروائی کے دوران عورتوں نے ملزم کو حراست میں لینے پر پولیس اہلکاروں پر پتھرائو شروع کر دیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ ایک ملزم سے منشیات برآمد ہوئی تھی جس پر اسے حراست میں لیا گیا تو موقع پر موجود خواتین نے مداخلت کی جس کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق عورتوں کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر پتھرائو کے بعد پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے شبہے میں مرکزی ملزم سمیت چند مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ٹیم نے تھانہ ملیر سٹی کی حدود میں ایکسائز انسپکٹر محمد زبیر کی سربراہی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایکسائز ٹیم کی کارروائی میں 2 عورتوں سمیت 4 بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار کیے گئے جن میں گل شیر عرف گڈو، امجد، عزیزہ عرف چلی اور منیرہ عرف فضا شامل ہیں۔
 

Back
Top