
ممنوعہ فنڈنگ کیس کے معاملے میں ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 11 افراد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا، ایف آئی آر میں عمران خان کے علاوہ سیف اللہ نیازی، طارق شفیع، سردار اظہر فاروق ، طارق شیخ اور سید یونس کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1579824961027739648
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے نجی بینک میں نیا پاکستان کے نام سے اکاؤنٹ کھولا گیا، بینک مینجر نے اس اکاؤنٹ کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی، بعد ازاں اکاؤنٹ میں ابراج گروپ کی جانب سے 21 لاکھ ڈالر ٹرانسفر کیے گئے،ملزمان پرائیویٹ بینک کے بینفشری ہیں، نجی بینک کے مینجر کو بھی مقدمہ میں شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ووٹن کرکٹ کلب کے2 اکاؤنٹس سے بھی رقوم منتقل ہوئیں، نجی بینک کےسربراہ نے مشتبہ طور پر غیر قانونی ٹرانزیکشنز میں مدد کی، پی ٹی آئی کی جانب سے ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی کا بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کروایا گیا جو بعد میں جھوٹا اور جعلی ثابت ہوا۔