ملک عامر ڈوگر پر مبینہ تشدد، 2 ایس ایچ اوز اور ایک اے ایس آئی معطل

screenshot_1746637856190.png


راولپنڈی – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر پر اڈیالہ جیل کے باہر مبینہ پولیس تشدد کے معاملے پر پولیس حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کے دو ایس ایچ اوز اور ایک اے ایس آئی کو معطل کر دیا ہے۔


ڈان نیوز کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب ملک عامر ڈوگر اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ان پر تشدد کیا بلکہ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔


واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی کی ہدایت پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ معطل کیے گئے افسران میں سب انسپکٹر طیب بیگ، سب انسپکٹر سلیم قریشی اور اے ایس آئی ماجد شامل ہیں۔


حکام کے مطابق ان اہلکاروں سے فوری طور پر عہدوں کا چارج واپس لے لیا گیا ہے اور انہیں کلوز لائن کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، واقعے کی انکوائری کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔


اس واقعے نے سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل پیدا کیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Back
Top