
جماعت اسلامی نے ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کیلئے عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں حالیہ سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے جماعت اسلامی نے آگے آنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات کیلئے مذاکرات کی ٹیبل پر لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
اس حوالےسے ذرائع جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کیلئے جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی اور اسی لیے تمام جماعتوں کوعید الفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں مدعو کیا جائے گا، جماعت اسلامی کی میزبانی میں ہونے والی اس اے پی سی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے رابطے بھی شروع کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت بلائی جائے گی کہ عام انتخابات ایک ہی دن منعقد کروانے کیلئے اتفاق رائے پیدا کیا جائے، امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے اے پی سی کیلئے عملی قدم بھی اٹھالیا ہے۔
اس حوالے سے جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ الگ الگ تاریخوں میں انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد میں نہیں ہے، لہذا حکومت اور اپوزیشن ایک وقت میں انتخابات کیلئے متفق ہوں، جماعت اسلامی کی جانب سے حکومت کو اکتوبر سے قبل اور پی ٹی آئی کو مئی کے بعد انتخابات کیلئے رضامند کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔