
ایون فیلڈ ریفرنس میں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کو بری کیے جانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے شدید ردعمل دے دیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے ادارے عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں،اب ادارے کسی کے حق میں فیصلہ دیں یا خلاف، عوامی رائے میں ان فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں رہ گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریم نواز کا جرم اربوں روپے کے ایون فیلڈ کے محلات ہیں، اس جرم میں ان کا کردار کسی شک و شبہے سے بالاتر ہے ۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے آج ٹویٹ میں لکھاکہ شریف اور زرداری پر نوازشات کی بارش سے طے ہے کہ اگر پاکستان کے عوام اس بارعمران خان کی کال پر باہر نہ نکلے تو اگلےپچھتر سال شریف اور زرداری کے بچوں کی حکومت پر مہر لگ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کروڑوں لوگ ایک بدمعاش اشرافیہ کی غلامی پر مجبور رہیں گے، واحد حل عوام کا سڑک پر آنا ہی ہے تیاری کریں۔
علی زیدی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب عذیر بلوچ کو بھی رہاکر دینا چاہیے جبکہ سینیٹر اعظم سواتی نے مریم نواز کی رہائی کو ملکی تاریخ کا سیاہ باب قرار دے دیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ عمران خان اس ہفتے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دیں گے جبکہ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ ن لیگ کو این آر او ٹو دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں فیاض چوہان،شہبازگل،حماداظہر،مرادسعید، عثمان ڈار ودیگر نے بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مبارک پاکستان کی باجی مریم بھی بری ہو گئیں.
انہوں نے کہا کہ این آر او2پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے،‘لگتا ہے نواز شریف صاحب بھی جلدی ہی بری ہو جائیں گے‘یہ ہیں وہ اصل مقاصد جن کے لیے سازش کر کے عمران خان کو ہٹایا گیا۔
تحریکِ انصاف کے آفیشل پیج پر مریم نواز کی بریت پر لکھا گیا کہ قوم کو صرف یاد دلوانا ہے کہ جس کیس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بری کیا گیا ہے، یہ وہی ایون فیلڈ کیس ہے جس میں مریم نواز جعلی ٹرسٹ ڈیڈ دیتے ہوئے پکڑی گئی تھیں،اب یہ معاملہ کئی برس اسلام آباد ہائیکورٹ میں لٹکے رہنے کے بعد بالآخر سپریم کورٹ میں جائے گا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو دی گئی 7 سال کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا تھا۔