
لاہور میں 14 اگست کو مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ بدتمیزی کے کیس میں 2 ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے جبکہ دیگر 2 ملزمان عابد اور افتخار کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت میں ٹک ٹاکر خاتون کو بے لباس کرنے کے کیس میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے دوران سماعت شہریار خان اور ارسلان نامی ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، دونوں ملزمان کو عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کیا۔
دوران سماعت سیشن جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے سیلفی لینے کے بہانے خاتون کے قریب جانے کی کوشش کی مگر ملزمان کے موبائل ڈیٹا کی جانچ کے دوران ایسی کوئی تصویر سامنے نہیں آئی ہے۔
عدالت کے مطابق شناخت پریڈ کے دوران خاتون اور دیگر گواہان نے بھی ارسلان اور شہریار خان کو شناخت نہیں کیا ہے، تاہم عدالت نے دیگر 2 ملزمان عابد اور افتخار کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے ۔
واضح رہے کہ اس کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے ملزمان کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/5nzk7Fp/3.jpg