
متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی ایم کیو ایم سے کیے معاہدے پر عمل کرے ورنہ ہمیں دوسرا طریقہ بھی آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امین الحق نے یہ گفتگو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کی اور کہا کہ حکومت سیاسی مفاہمت سے معاملات کو حل کرے، جمہوری روایات کو برقرار رکھنا چاہیے، ہمیں جمہوری اور آئینی طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے تحت منعقد کیے جائیں گے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے معاہدہ کیا تو سیاسی حالات بہت مشکل تھے، ہم نے ہر میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے اور کراچی کےمسائل پر بات کی ہے، ملاقاتوں میں پہل کرنے پر ہم پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
امین الحق نے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں مزید پوائنٹس رکھیں گے،میئر کے خصوصی اختیارات کے معاملے پر ہم کافی آگے تک گئے ہیں، اس معاملے میں آج پیش رفت بھی ہوئی ہے، میئر کے پاس مالی اور انتظامی دونوں اختیارات ہوں گے۔
عمران خان کے لانگ مارچ پر ردعمل دیتے ہوئےامین الحق نے کہا کہ عمران خان اپنے علاوہ سب کو چور سمجھتے ہیں، عمران خان صاحب آپ کو جمہوری انداز میں آگے بڑھنا پڑے گا۔