
ملک کے 2 قومی ہیروز جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا وہ دھوکے بازوں کے ہاتھوں فراڈ کا شکار ہوکر لاکھوں روپے سے محروم ہوگئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب اور ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو کی چوٹیاں سر کرنے والے شہروز کاشف کو ایک شخص نے سرکاری اہلکار بن کر گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹیکس کی مد میں لاکھوں کا چونا لگادیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جعل ساز نے خود کو وفاقی وزیر کا پی اے بتایا اور گاڑی کی رجسٹریشن ، ٹیکس کی مد میں بھاری رقم موبائل اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا کہا ، وفاقی وزیر کا نام سن کر دونوں قومی ہیروز نے لاکھوں روپے جعل سازوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کردیئے۔
شہروز کاشف نے واقعہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص نے جعلی پی اے بن کر فون کیا جس کی باتوں میں آکر ہم نے 2لاکھ 85 ہزار کی رقم اس کے اکاؤنٹ میں جمع کروادی۔
شہروز کاشف نے فراڈ کا شکار ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں شکایت درج کروادی ہے جبکہ طلحہ طالب نے بھی مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے۔
واضح ہو کہ شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو(8611) سر کرنے وال دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں جبکہ طلحہ طالب نے ٹوکیو اولمپکس میں ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
ملک کا نام روشن کیے جانے پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے طلحہ طالب کیلئے 20 لاکھ اور شہروز کاشف کیلئے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/19KQzzZ/6.jpg