
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی ( پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف شاید پاکستان کے واحد جنرل تھے جنہوں نے حقیقتاً مسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوشش کی۔
https://twitter.com/x/status/1622150018064068610
انہوں نے کہا کہ مشرف کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پاکستان بھارت کیلئے قابل قبول حل چاہتے تھے۔
محبوبہ مفتی کا کہنا تھاکہ بھارتی حکومت نے مشرف اور واجپائی کے شروع کیے تمام اقدامات کو بدل دیا بس جنگ بندی باقی ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ نے سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت بھی کی۔
واضح رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف 5 فروری کو دبئی میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔