
مسیحی رہنماؤں نے سیالکوٹ کنونشن گراؤنڈ سے متعلق اہم بیان جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ کوئی مقدس مقام نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی مسیحی برادری کے رہنما حقوق گل مسیح نے سیالکوٹ کے کنونشن گراؤنڈ سے متعلق تنازعہ پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جگہ کوئی مذہبی مقام نہیں ہے، ایسے گراؤنڈز کو مقدس کہہ کر مقدس مقامات کی توہین نہ کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ ملک میں مسلمانوں اور مسیحی برادری کو لڑانے کی کوشش کی سازش ہورہی ہے،ہمارے کچھ سیاسی ساتھی مذہب کارڈ کا استعمال کررہے ہیں، مسیحی برادری انتشار پھیلانے والوں کو مسترد کردے اور ایسی سازش کا حصہ نہ بنے۔
مسیحی رہنما نے واضح کیا کہ سیالکوٹ کنونشن گراؤنڈ کسی چرچ کا حصہ نہیں ہے، مسیحی برادری اپنی عبادات کیلئے گراؤنڈز میں انتظامات کرتی ہے اس سے گراؤنڈز مقدس نہیں ہوجاتے،سال کے بقیہ دنوں میں انہی گراؤنڈز میں کھیل اور شادی بیاہ کی تقریبات ہوتی ہیں، ایسی جگہ کو مقدس کہہ کرمقدس مقامات کی توہین نا کی جائے۔
مسیحی برادری ک دوسرے رہنما کرسٹوفر کرسٹی نے بھی اس گراؤنڈ کے چرچ کا حصہ ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس گراؤنڈ میں کرکٹ، کھیل ، جلسے اور دیگر اجتماعات ہوتے رہے ہیں، ایک سیاسی ٹولہ مذہب کو سیاست کیلئے استعمال کررہا ہے، یہ ایک گراؤنڈ ہے کوئی مقدس مقام نہیں۔
انہوں نے اپنی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان گندی سیاست کا حصہ نہ بنیں۔