
پاکستان مسلم لیگ ن نے وفاق میں اپنی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی پر باغ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 باغ میں ضمنی انتخاب کے نتائج آنے سےقبل ہی ن لیگ کی جانب سے وفاق میں اپنی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام لگادیا گیا ہے۔یہ سیٹ پیپلز پارٹی نے واضح مارجن سے پانے نام کر لی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں دھاندلی کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ن لیگ کو آزاد کشمیر باغ کے ضمنی انتخاب میں واضح اکثریت حاصل ہے، تاہم دھاندلی کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں، ایسا ممکن نہیں ہے کہ کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آؤٹ 80 سے 90 فیصد ہو جبکہ باقی پولنگ اسٹیشنز پریہ شرح صرف 30 سے39 فیصد ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاءاللہ جیت مسلم لیگ ن کی ہوگی ہم رزلٹ لیے بغیر نہیں جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے تو پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ویڈیو شیئر کیں، ایک ویڈیو بیلٹ پیپرز کی تھی جن پر پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر پر مہریں لگی ہوئی دکھائی گئی تھی، حنا پرویز بٹ نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ٹھپوں والا کام آزاد کشمیر میں بھی دکھادیا۔
اپنی دوسری ٹویٹ میں حنا پرویز بٹ نے جو ویڈیو شیئر کی وہ ایک پولنگ اسٹیشن کے اندر کی تھی جہاں مبینہ طور پر بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے جارہے تھے، حنا پرویز بٹ نے کہا کہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کے لوگ دھاندلی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے ن لیگ کی جانب سے دھاندلی کےا لزامات مسترد کردیئے ہیں، پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھاندلی کا واویلا کرنےوالے عوامی فیصلے کا احترام کریں، پیپلزپارٹی دھاندلی نہیں بلکہ عوامی خدمت پریقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ یہاں کے لوگوں کی فلاح و تعمیر تو ترقی کیلئے اقدامات کیے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر کےعوام نے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، ضمنی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی ہی آزاد کشمیر کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی نشست ایل اے 15 باغ 2 میں آج ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی، یہ نشست سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے ضیاء قمر، ن لیگ کے مشاق منہاس اور پی ٹی آئی کے کرنل راجاضمیر کے درمیان مقابلہ ہوا، اس حلقے میں ضمنی انتخاب سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے انتخابی مہم چلائی تھی۔