
سابق وفاقی وزیر ورہنما پاکستان تحریک انصاف فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک چکوال سے کوئٹہ ، کوئٹہ سے بہاولپور اور بہاولپور سے بیرون ملک چھترول نہیں کی جائے گی، سانپ کا سر نہیں کچلا جائے گا تو ملک کے مسائل بڑھتے جائیں گے، حل نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد موجود دو خاص افراد کا انٹرسٹ عدلیہ میں بھی ہے، پارٹی میں، میڈیا چینل کے مالکان میں اور پولیس کے علاوہ اداروں کے اندر بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بندے پہلے بھی تباہی کرتے آئے ہیں، اب بھی تباہی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی تباہی کرتے رہیں گے۔
عمران خان کے قتل کی سازش کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں جب کوئی رشوت لیتا ہے تو پے آرڈر کے ذریعے نہیں لیتا اور جب کوئی قتل کا منصوبہ بناتا ہے تو وہ کوئی ویڈیو بنا کر سینڈ نہیں کرتا!
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میں اپنے گھر (تحریک انصاف) کا سب سے بڑا بھیدی ہوں!کیا کر سکتے ہیں، کیا نہیں کر سکتے میرے سوا پاکستان میں کوئی نہیں جانتا۔ تحریک انصاف میرا گھر ہے اور جب گھر کا آدمی بھیدی بن جائے تو تباہی بہت آسان ہو جاتی ہے۔ میں بہت سے دنوں سے ملک کے مفاد اور ملکی اداروں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے، انارکی سے بچتے ہوئے اپنا پیغام دینے کی کوشش کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں اب بھی 2 خاص اور تین سانپوں کا کردار موجود ہے، عمران خان کے ارد گرد لوگوں کے غیرملکی ایجنسیوں سے تعلقات ہیں۔
عمران خان کو میں نے اس حوالے سے آگاہ کر دیا تھا! اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو زندگی دی، وہ بچ گئے۔ میں نے اس سے پہلے بھی متعدد بار عمران خان کو متنبہ کیا تھا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے۔