ویب ڈیسک: پشاور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف تھانہ شرقی کینٹ میں درخواست جمع کرا دی گئی ۔
درخواست ممبر خیبرپختونخوا بار کونسل علی زمان ایڈووکیٹ کی جانب جمع کرائی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 28اکتوبر کو سابق وزیر اعظیم عمران خان کیخلاف دھمکی آمیز بیان دیا۔
درخواست گزار کے مطابق مریم نواز نے پہلے بھی ایسے بیانات دیئے جس کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ ہوا ، مریم نوازکا عمران خان کو ختم کرنے کا بیان قابل دست اندازی جرم ہے۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ کی جانب سے اس بیان پر نوٹس لینے کے انتظار کے باعث درخواست میں تاخیر ہوئی،مریم نواز کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
پولیس حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف ایف آئی آر کیلئے درخواست موصول ہوچکی ہے، درخواست پر اعلیٰ افسران اور قانونی معاونت کے بعد کارروائی کریں گے ۔
تاحال مقدمہ درج نہیں ہوا مگر ن لیگ کے اختیار ولی سامنے آگئےاور کہا کہ مریم نواز کے خلاف ایف آئی آر کاٹی تو عمران خان سمیت سب پر پنجاب کے ہر تھانے میں مقدمہ درج کرینگے
ردعمل دیتے ہوئے اختیار ولی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کیخلاف اگر کسی نے ایف آئی آر کاٹی اور یہ جرات کی تو پھر ہم یہ بھی نہیں دیکھے گے کہ کون کسی کی ماں ہے بیٹی ہے یا بہن ہے عمران نیازی سمیت سب پر پنجاب کے ہر تھانے میں مقدمہ درج کرینگے