وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے افراتفری پھیلانے کی سازش قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ن لیگ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر رانا ثناء اللہ کی وارنٹ گرفتاری کے معاملےپرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری عمران خان کے خوف کی وجہ سے جاری ہوئے، عمران کے حکم پر وفاق پر حملہ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونا انتشار،فساد، افراتفری پھیلانےکی سازش ہے تاکہ فارن ایجنٹ جھوٹے کی کرپشن ،قومی سلامتی سے کھیل اور عوام کو بیوقوف بنانے کی چالوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔
یادرہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب کے اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، آج صبح اینٹی کرپشن پنجاب کی ایک ٹیم وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ کی گرفتاری کےوارنٹ جاری ہونے کے بعد عملدرآمد کیلئے اسلام آباد روانہ ہوئی تھی۔