
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک ایک ہے تو پورے ملک میں انتخابات کا انعقاد بھی ایک ہی روز کیا جانا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے جوہر ٹاؤن میں ویمن ایکسیلنس سنٹر کا افتتاح کیا، سیکرٹری جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ و دیگر اہم پارٹی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت قائم رہی تو دوصوبوں کے الیکشن نتائج پھر بھی متنازع ہی رہیں گے، جس سے مزید انتشار پھیلے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق قومی انتخابات پر 72 ارب روپے کے اخراجات آتے ہیں، جزوی انتخابات سے قومی خزانے پر بوجھ ناقابل برداشت ہو جائے گا، ملک ایک ہے تو الیکشن بھی ایک ہی روز ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے جمہوریت کمزور کی، قانون کا مذاق اڑایا اور تینوں اپنی مرضی کے انتخابات چاہتی ہیں، جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی، صاف اور شفاف انتخابات اور قانون کی بالادستی قائم کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ حکمران ٹرائیکا چاہتا ہے عدلیہ، الیکشن کمیشن اور نیب ان کا تابع رہے، 14مارچ کو ملک بھر سے نامزدامیدواران کو اسلام آباد میں اکٹھا کر رہے ہیں، اسی روز اپنے منشور کا اعلان کریں گے اور قوم کو متبادل قیادت دیں گے۔