
وفاقی حکومت کی جانب سے وزارتوں کو تعریفی اسناد اور بہترین کارکردگی دکھانے پر سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا جس پر کئی حلقوں میں سوال گردش کر رہا تھا کہ مرادسعید کی وزارت نے ایسا کیا تیر مارا کہ ان کی وزارت نمبر ون قرار پائی؟ اس پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خود بتایا کہ ان کی وزارت نے کیا کیا ہے۔
وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ماضی کی حکومت سے کارکردگی کا کوئی بھی سوال کیا جاتا تھا تو ان کے پاس ایک ہی جواب ہوتا تھا کہ ہم نے سڑکیں بنائی تھیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ حکومت نے ساڑھے3سال کے دوران986 کلومیٹر سڑکیں بنائی تھیں جبکہ ہماری حکومت نے اب تک 2032 کلومیٹر سڑکیں بنا دی ہیں۔
مراد سعید نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے 5 سالوں کے دوران2000 کلومیٹر سڑکوں کی منصوبہ بندی کی تھی جبکہ ہماری حکومت نے سوا3سالوں کے دوران 2032 کلومیٹر سڑکیں بنا دیں جبکہ 2000کلومیٹر پر اس وقت کام جاری ہے اور تقریباً 2000کلومیٹر ہی اس وقت پروکیورمنٹ پروسیجر سے گزر رہا ہے، اور1090کلومیٹر اس وقت فزیبلرٹی اور مختلف مراحل میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح مجموعی طور پر ہم نے 7ہزار 889کلومیٹر سڑکوں پر کام کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ حکومت میں نوازشریف اس وزارت کو اپنے پاس رکھتے تھے اور اس طرح کک بیکس اور کمیشن کا بازار گرم تھا مگر ہم نے وزارت میں ڈیجیٹلائزیشن اور الیکٹرانک سسٹم متعارف کرایا جس سے کرپشن کا قلع قمع ہو گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ ہماری حکومت نے ٹال پلازے کی فیس میں کوئی اضافہ کرنے کیلئے معاہدہ نہیں کیا بلکہ یہ تو نوازشریف حکومت کے دوران ہی کیے گئے معاہدے کا نتیجہ ہے جو کہ 2035 تک کیلئے کیا گیا تھا اسی کے تحت ان ٹال پلازوں کی فیس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے ادارے میں احتساب کا عمل تیز اور مؤثر ہونے کے باعث 22 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ اس وزارت کی آمدن میں 128فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سڑکوں کا موازنہ کیا جائے تو وہ بھی پہلے سے کئی گنا زیادہ ہے۔ یہی نہیں ہم اپنی تمام ہائی ویز کو آر ٹی ایس پر لے کر جا رہے ہیں جو کہ ہماری حکومت کے دوران اس وزارت کی بڑی کامیابیوں میں سے ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3muradsaeed.jpg