
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید بغاوت کے مقدمے کی سماعت کے دوران جذباتی ہوگئے اور بولے کہ احتجاج سے قبل پاکستان بنانے والوں کے گھروں پر دھاوا بولا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں پرویز خٹک، مراد سعید اورشیخ رشید کےخلاف بغاوت کے مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر مراد سعید عدالت میں پیش ہوئے اور دوران سماعت اپنی نشست پر کھڑے ہوکر جج سے مکالمہ کرنے لگے، انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ہمارے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کروائے انہیں بھی عدالت میں طلب کیا جائے۔
مراد سعید نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی شرم آتی ہے کہ ایک گورا ہمیں بتائے گا کہ ہم نے کیا کرنا ہے، کیا بغاوت کے پرچے درج کروانے والے زیادہ محب وطن ہیں، ہمارے پرامن احتجاج سے پہلے پاکستان بنانےوالوں کے گھروں پر دھاوا بولا گیا، مصور پاکستان علامہ اقبال کے گھر پر چھاپہ مار کے ان کے اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بیرونی طاقت کے ذریعے ملک کے خلاف سازش ہوئی، ہم نے معاملے کو کابینہ سمیت ہر فورم پر اٹھایا، ہر دروازہ کھٹکھٹایا مگر کہیں بھی شنوائی نہیں ہوئی ، جس کے بعد ہم نے آئینی و قانون راستہ اپناتے ہوئے احتجاج کیا مگر ہمارے پرامن احتجاج پر ربڑ بلٹس استعمال کی گئیں بچوں اور خواتین پر آنسو گیس کے شیل برسائے گئے۔
انہوں نے جج سے کہا کہ جو لوگ اس سازش کا حصہ بنے انہیں بھی عدالت میں بلایا جائے، بغاوت کے مرتکب ہم ہوئے ہیں یا رجیم چینج کا حصہ بننے والے؟امریکہ کے سامنےلیٹنے والے اور سازش کا حصہ بننے والے غدار ہیں یا ہم جنہوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور امریکہ کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، میں اس گھر کا مالک ہوں کرایہ دار نہیں، بغاوت کے فتوے بانٹنے والوں کو یہاں بلائیں اور انہیں جیلوں میں ڈالیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12muradsaeedjazbaati.jpg