
سعودی عرب کے شہر مدینہ میں پیش آنے والے واقعے پر سعودی حکومت کی جانب سے فوری ایکشن لیا گیا، مسجدنبویﷺمیں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف وفدکے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں، حکومتی وفد کی مسجد نبوی آمد پر وہاں پر موجود لوگوں نے انہیں گھیر لیا ،نعرے بازی کی اور مسجد کے تقدس کو پامال کیا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب کو برے القاب سے پکارا گیا اور شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے تھے، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے وزرا کو مجمعے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی، سعودی عرب کی جانب سے پہلے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجدنبویﷺ کی بے حرمتی پر کچھ پاکستانیوں کو گرفتار کر لیاگیا ہیں، مقدس مقام کی بے حرمتی پر یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس کی کارروائیاں ابھی جاری ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1520055901771730946
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ میں موجود ہیں، گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، شاہ زین بگٹی، چوہدری سالک حسین،خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور ایم این اے محسن داوڑ شامل ہیں، وفد میں وزیراعظم شہباز شریف کے پرسنل اسٹاف کے 4 لوگ بھی شامل ہیں۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
Last edited: