
محکمہ خوراک پنجاب اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان تنازع بڑھ گیا۔ محکمہ خوراک پنجاب نے 100 سے زائد ملز کا گندم کوٹہ معطل کر دیا ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق اکثر فلور ملز آج ہی سے بند کر دی گئی ہیں، کل سے باقاعدہ ہڑتال شروع کریں گے۔ صوبائی محکمے نے 10 مل مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق مل مالکان نے دکانوں پر آٹے کی سپلائی روک دی ہے۔ اس حوالے سے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیکریٹری خوراک سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے سوال کیا ہے کہ شناختی کارڈ اور انگوٹھے کی شرط کس کے کہنے پر لگائی گئی تھی؟ محسن نقوی نے جواب طلب کرتے ہوئے یہ بھی پوچھا ہے کہ تنازع اس نہج پر کیوں پہنچا؟
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میں یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب میڈیا نے خبر دی کہ محکمہ خوراک پنجاب کے افسران ملزمالکان کی ملی بھگت سے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔
اس معاملے میں محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے 1 ارب 29 کروڑ 37 لاکھ روپےکا اضافی بار دانہ خریدا اور فلور ملز مالکان کو پرانی قیمت میں ہی تھیلوں کی فراہمی کو یقینی بناکر قومی خزانے کو 1 ارب 61 کروڑ 75 لاکھ کا نقصان پہنچایا۔
دستاویزات میں بتایا گیا کہ خوشاب، ساہیوال اور فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کے زیر سایہ 2 کروڑ 55 لاکھ روپےکی گندم چوری ہوئی۔ اس کے علاوہ محکمہ خوراک پنجاب 92 کروڑ 68 لاکھ روپےکی وصولی میں ناکام رہا۔
بہاولپور میں گندم ذخیرہ کرنےکی استعداد میں اضافے کے منصوبے میں تاخیر پر ٹھیکیدار کو معافی دے دی گئی، یہی نہیں منصوبہ کی تاخیر پر ٹھیکداروں کو معافی دے کر افسران نے قومی خزانے کو 50کروڑ کا نقصان پہنچایا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/flourhaahssshha.jpg