
لاہور: سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ اپنی کوچنگ کی ذمہ داریوں سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد ان کا پی سی بی سے تعلق ختم ہو گیا ہے۔ محمد یوسف، جو انڈر 19 ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، نے کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پی سی بی کو بھیج دیا ہے۔ تاہم، پی سی بی کی جانب سے استعفیٰ منظور ہونا باقی ہے۔
اطلاعات کے مطابق محمد یوسف نے اپنے فیصلے سے پی سی بی حکام کو آگاہ کر دیا ہے، اور ان کے انڈر 19 کوچنگ کے فرائض پہلے ہی غلام علی کو سونپے جا چکے ہیں، جو دبئی میں جاری سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، پی سی بی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کی واپسی کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، وہاب ریاض کو چیمپئنز ٹرافی اور دیگر ڈومیسٹک ایونٹس کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ہے۔ وہ ماضی میں سلیکشن کمیٹی اور سینئر مینیجر کی حیثیت سے پی سی بی کے ساتھ وابستہ رہے ہیں، اور اب دوبارہ بورڈ میں ان کی شمولیت کی توقع ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/gvNbKmM/Yusuf.jpg