
تمباکو نوشی کو دنیا بھر میں صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ سمجھا جاتا ہے، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف ایک سگریٹ پینے سے بھی انسانی جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ برطانیہ میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق نے اس سوال کا تفصیلی جواب دیا ہے۔
لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، ایک سگریٹ پینے سے ایک فرد کی عمر میں اوسطاً 20 منٹ کی کمی آتی ہے۔ اگر کوئی شخص روزانہ ایک پورا پیکٹ (20 سگریٹ) پیتا ہے تو اس کی عمر تقریباً 7 گھنٹے کم ہو سکتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کوئی فرد یکم جنوری کو سگریٹ نوشی ترک کر دے اور 5 فروری تک تمباکو نوشی سے گریز کرے، تو اس کی زندگی کی مدت میں ایک ہفتے کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح، اگر وہ 5 اگست تک سگریٹ نوشی سے دور رہے، تو عمر میں ایک مہینے کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق، تمباکو نوشی کرنے والے ہر فرد کو اپنی زندگی کے اوسطاً 10 قیمتی برسوں سے محروم ہونا پڑتا ہے۔ اگرچہ لوگوں کو علم ہے کہ یہ عادت نقصان دہ ہے، لیکن ان کا خیال ہوتا ہے کہ اس کے اثرات معمولی ہیں، جو حقیقت کے برعکس ہے۔
2000 میں برٹش میڈیکل جرنل میں شائع تحقیق کے مطابق، ایک سگریٹ عمر میں 11 منٹ کی کمی کا سبب بنتی تھی، لیکن نئی تحقیق نے ظاہر کیا ہے کہ ایک سگریٹ مردوں کی عمر میں 17 منٹ اور خواتین کی عمر میں 22 منٹ کی کمی کا باعث بن سکتی ہے۔
محققین نے نشاندہی کی کہ تمباکو نوشی کے نتیجے میں درمیانی عمر کے صحت مند برس مختلف بیماریوں کے شکار رہ کر گزرتے ہیں۔ بڑھاپے میں یہ عادت صحت کے مزید خراب ہونے کا باعث بن سکتی ہے۔
تحقیق میں زور دیا گیا کہ تمباکو نوشی کو کسی بھی عمر میں ترک کرنا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، مگر جتنی جلدی اس عادت سے چھٹکارا پایا جائے، اتنا بہتر ہے۔ محققین کے مطابق، سگریٹ نوشی چھوڑنے سے نہ صرف زندگی کی مدت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں مختلف بیماریوں سے بچاؤ بھی ممکن ہو جاتا ہے۔
یہ تحقیق جرنل آف ایڈکشن میں شائع ہوئی
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2smokisrekjajksdj.png