
چیئرمین نور عالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیب کو مالم جبہ، بی آر ٹی بس سروس، خیبر بینک اور بلین ٹری پر ریفرنس دائر کرنے اور کیسز کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت کردی۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چیئرمین نیب اور نیب افسران کو اثاثوں کی تفصیلات 15 روز کے اندر فراہم کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا،کمیٹی نے سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبا ل کیخلاف خاتون کو مبینہ ہراسگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا۔
پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی سے فوری ہٹا دیں۔
چیئرمین نیب کے خلاف ہراساں کیے جانے کی درخواست دینے والی طیبہ گل نے پی اے سی میں پیش ہوکر کمیٹی کو بتایا کہ مسنگ پرسنز کمیشن میں جسٹس جاوید اقبال ریٹائرڈ سے ملاقات ہوئی۔
طیبہ گل نے بتایا کہ مسنگ پرسن کی درخواست پر میرا نمبر درج تھا، جاوید اقبال اس نمبر پر کال کر کے مجھے وقتاً فوقتاً بلاتے رہے، وہ کہتے تھے آپ ضرور آئیں ورنہ سماعت نہیں ہو گی، جب میں نے جاوید اقبال کو بار بار فون کرنے سے منع کیا تو وہ ناراض ہو گئے، جنوری 2019 میں لاہور سے نیب نے ہمیں رات کو گھر سے گرفتار کر لیا۔
طیبہ گل نے کہا کہ چیئرمین نیب نے مجھے اور میرے شوہر فاروق کو گرفتار کروا دیا، مجھے مرد اہلکاروں نے گرفتار کیا، میرے خلاف ایک جھوٹا ریفرنس بنایا گیا اور مجھے سنا بھی نہیں گیا۔ آج تک میری کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی کسی عدالت نے میری بات نہیں سنی۔
طیبہ گل نے کہا کہ میں نے جاوید اقبال کی گفتگو کی ویڈیو اس لیے بنائی کہ وہ ایک اعلیٰ طاقتور عہدیدار تھا، میں چاہتی تھی کہ اس شخص کی حقیقت سب کے سامنے آئے، انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے ان سے کہا تھا کہ نیب میں مشکل ہوتا ہے اس لیے مسنگ پرسنز کمیشن میں آ کر ملا کریں۔
اجلاس میں سابق چیئرمین نیب کی عدم شرکت پر اراکین برہم ہوئے اور آئندہ پیش نہ ہونے پر جسٹس جاوید اقبال ریٹائرڈ کے وارنٹ یا اخبارات میں اشتہارات جاری کرنے کا عندیہ دیا،اجلاس کے دوران چیئرمین نور عالم خان اور شبلی فراز ک درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
چیئرمین نور عالم نے کہا کہ شبلی فراز آپ کمیٹی کے ممبر ہیں میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا،اجلاس کے دورا ن کمیٹی رکن شیخ روحیل اصغر نے بھی سینیٹر شبلی فراز کی سرزنش کر دی،روحیل اصغر نے کہا کہ سینیٹر ہلال احمد کا پبلک ایشو ڈسکس نہیں کرنا تو آپ یہاں کس لیے ہیں ؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9nooralamnabhidayat.jpg