
اے آر وائے نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں کارروائی کر کے ایم پی اے کی جعلی ویڈیو کو شیئر کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان سائبر کرائم ونگ کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم نے ویڈیو اور تصویر کو ایڈیٹ کر کے غلط رنگ دے کر انٹرنیٹ پر شیئر کرنے اور پھر اسے وائرل کرنے کا بھی اعتراف کر لیا۔
واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اُن کی ویڈیو کو ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر غلط رنگ دے کر شیئر کیا جارہا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1452946936172929032
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ اس ویڈیو کے ذریعے مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ نامعلوم افراد میری مستقل کردار کشی بھی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے والد کے نام کو اس وقت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہےجب وہ اپنی زندگی کی آخری سانسیں لے رہے ہیں۔
ثانیہ عاشق نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ میں ان ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی اور یہ ثابت کروں گی کہ اس معاشرے میں ایسے لوگ بھی ہیں جو لڑکیوں کی حوصلہ شکنی نہیں ہونے دیتے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sania-ashiq-pmln.jpg