
ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری حکام کے مابین ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں طے ہوا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر لیفٹننٹ جنرل ہی مقرر رہیں گے۔
نجی میڈیا کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس آئی آئندہ ہفتے میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن 13 اکتوبر تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کیے گئے تھے۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا تھا۔
نامعلوم وجوہات کی بنا پر کئی روز تک ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا تھا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان اس تقرری سے ناخوش ہیں۔
البتہ ان دعوؤں اور افواہوں کی کسی حکومتی یا عسکری شخصیت کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی تھی مگر سوشل میڈیا پر نامور صحافی اس بارے میں ڈھکے چھپے الفاظ میں باتیں کر رہے تھے۔
نوٹیفکیشن کے معاملے پر وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی نوٹیفیکیشن معاملے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے،ہم سب ایک پیج پر ہیں،جلد معاملہ حل کر لیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں، اس معاملے میں ہونے والی قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nad11m211.jpg