
لاہور کے علاقے گجرپورہ میں دل سوز واقعہ پیش آیا, 13 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے باپ کو قتل کردیا۔
پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیکر مقتول کی بیوی، بیٹی اور بیٹے سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ 45 سالہ بلال درزی کا کام کرتا تھا، گھر سے فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے والی تفتیشی افسر کو بتایا گیا کہ 13 سالہ آمنہ نے اپنے والد بلال کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، پولیس نے ملزمہ آمنہ کے ابتدائی بیان پر شکوک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے ملزمہ کی ماں کومل بی بی، بھائی عثمان اور ایک قریبی رشتہ دار کو بھی حراست میں لے لیا,مقتول پانچ 5 بچوں کا باپ تھا۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے منگھوپیر میں باپ نے بیٹی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا, باپ نے بیٹی کو قتل کرکے لاش گھر کے قریب ہی دفنا دی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کیا ہے,تفتیشی حکام کے مطابق 19 سالہ مقتولہ شوہر کے گھر سے لاپتا ہوئی تھی، شوہر نے اہلیہ کے لاپتا ہونے کی اطلاع اپنے سسر کو دی، مقتولہ کے والد نے بیٹی کو قائد آباد میں تلاش کیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم بیٹی کو گھر لایا اور کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا,تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر نے واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز درج کروایا تھا، عدالتی حکم پر قبر کشائی کرکے لاش کو برآمد کیا جائے گا۔