
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے گیمر چینجز کہلانے والے راوی اربن پراجیکٹ کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیخلاف درخواستوں پرفیصلہ سناتے ہوئے پراجیکٹ کے خلاف درخواستیں منظور کر لیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے روڈا ایکٹ کی بعض شقوں کو آئین سے متصادم قرار دے دیا عدالت نے تمام ترقیاتی کام روکنے اور روڈا کو پنجاب حکومت سے حاصل کیا گیا قرض بھی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا ماسٹرپلان بنیادی دستاویز ہے اور قانون کے تحت تمام اسکیمیں ماسٹر پلان کے ماتحت ہوتی ہیں لہٰذا ماسٹر پلان کے بغیربنائی گئی کوئی بھی اسکیم غیرقانونی ہوتی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ روڈا ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 4 آئین کےآرٹیکل 144 اے سے متصادم ہے، روڈا کا ترمیمی آرڈیننس بھی آئین کے لوازمات پورے کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کا ترمیمی آرڈیننس آئین سے متصادم اور غیر قانونی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ زرعی اراضی اس وقت لی جا سکتی ہے جب باقاعدہ ایک لیگل فریم ورک موجود ہو۔ واضح رہے کہ راوی ریوراربن پراجیکٹ دریائے راوی کی دونوں اطراف شمال مشرق سے جنوب مغربی رقبے پرت عمیرکیا جا رہا ہے جس کیلئے پہلے 44 ہزارایکڑ رقبہ مختص کیا گیا تھا جسے بعد میں 44 ہزارسے بڑھا کرایک لاکھ ایکڑ کردیا گیا۔
ریور راوی اربن پراجیکٹ پرتقریبا پانچ کھرب پاکستانی روپے خرچہ ہوگا جس کو بنانے کیلئے سب سے پہلے دریائے راوی پر46 کلومیٹر طویل جھیل بنائی جائے گی جس کے دونوں اطراف اس شہر کو بسایا جائے گا۔ اس جھیل پر6 بیراج تعمیرکئے جائیں گے اورساتھ ھی پانی کو صاف رکھنے کیلئے ویسٹ واٹرمینیجمنٹ سسٹم بھی بنایا جائے گا۔
اس جھیل میں نہ صرف بارش کے پانی کو اکٹھا کیا جائے گا بلکہ اسی جھیل سے لاہورشہر کا زیرزمین مسلسل خطرناک حد تک کم ہوتے پانی کی سطح کو بھی کنٹرول کیا جائے گا۔
قبل ازیں ایک سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا تھا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ریور راوی اربن پراجیکٹ کے لیے زرعی اراضی ایکوائر کرنے سے متعلق حکم امتناعی کیخلاف درخواست پر سماعت کی تھی لاہورہائیکورٹ نے باربارحکم امتناعی کیخلاف متفرق درخواستیں دائرکرنے پر پنجاب حکومت کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا تھا اورسخت برہمی کا بھی اظہارکیا تھا۔
عدالت نے پنجاب حکومت کو ماحولیاتی اثرات کے جائزہ کے لیے راوی اربن پروجیکٹ کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنٹ تعینات کرنے کی ہدایت کی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rawi-project-lhc.jpg