
یونیورسٹی آف پنجاب میں طلباء کو منشیات فروخت کرنےو الے گروہ کے 2 اراکین گرفتار ہوگئے ہیں، دونوں آپس میں بہن بھائی ہیں۔ پولیس کے مطابق لاہور میں واقع پنجاب یونیورسٹی میں منشیات فروشی کے خلاف آپریشن کے دوران ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی اور منشیات بیچنے والے بہن بھائی کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہن بھائی یونیورسٹی کے اردگرد گھومتے رہتے تھے اور طلباء کو منشیات فراہم کرتے تھے، گرفتاری کے وقت دونوں سے 500 گرام کے قریب چرس بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ہونے والی لڑکی یونیورسٹی کی طالبات کو جبکہ اس کا بھائی لڑکوں کو منشیات فراہم کرتا تھا، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات فروشی کے دھندے میں ان کے مزید ساتھیوں کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے، ملزمان سے تفتیش کے دوران ان کے ساتھیوں ، اور منشیات کہاں کہاں سے حاصل کی جاتی ہے اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
اس پیش رفت کے حوالے سے لاہور کےتھانہ اقبال ٹاؤن کے ایس پی نے نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہر کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کیلئے برسر پیکار ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/drugs.jpg