لاہور میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران سرکاری املاک کو ہونے والے نقصان کی تفصیلی رپورٹ ٹرائل کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 10 کروڑ 68 لاکھ 7 ہزار 900 روپے کا نقصان ہوا، جس میں پولیس اور رینجرز کی 21 سرکاری گاڑیاں تباہ ہوئیں اور اس مد میں 8 کروڑ 22 لاکھ 7 ہزار 500 روپے کا نقصان ہوا۔
جناح ہاؤس کے قریب رینجرز کی گاڑیوں سمیت 12 گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ ٹریفک سگنلز اور دیگر آلات کو 53 لاکھ 5 ہزار روپے کا نقصان پہنچا جبکہ سیف سٹی کے کیمروں کی تباہی سے 1 کروڑ 41 لاکھ 37 ہزار 500 روپے کا نقصان ہوا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گرجا چوک کینٹ میں 25 لاکھ 62 ہزار 300 روپے، شیر پاؤ پل کے قریب 5 لاکھ 18 ہزار اور لاہور کے مختلف علاقوں جیسے قرطبہ چوک، جیل روڈ اور شالیمار چوک میں بھی 5 لاکھ 18 روپے کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔