
لاہور کے علاقے چوکی نادر آباد کی حدود بستی چراغ شاہ میں 10 سالہ معذور بچی کرن سے زیادتی کے واقعے کا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے چوکی نادر آباد کی حدود بستی چراغ شاہ میں گونگی، بہری 10 سالہ معذور بچی کرن سے زیادتی کے واقعے کا وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے نوٹس لے لیا ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کینٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زیادتی کے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ چوکی نادر آباد کی پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد بچی کے والد کا بیان لے لیا ہے۔
گونگی، بہری 10 سالہ معذور بچی کرن کے والد کا کہنا تھا کہ میں اور میری بیوی نوکری کے سلسلے میں گھر سے باہر تھے اور بیٹی گھر سے باہر نکلی تو نامعلوم ملزم نے اسے کچھ کھلایا اور زیادتی کی، میری بیٹی گونگی، بہری ہے اور اس کا دماغی توازن بھی درست نہیں ہے اس لیے وہ گھر میں ہی رہتی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کا والد نوید ڈرائیور ہے وہ بھی واقعے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔
مبینہ زیادتی کا شکار 10 سالہ بچی کرن کی والدہ کے مطابق اسے نامعلوم شخص ورغلا کر گھر سے باہر لے گیا، واقعے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھی، مختلف گھروں میں کام کر کے روزی روٹی کماتی ہوں، اسی لیے گھر سے باہر تھی، والدہ کے مطابق میری بچی کرن روتی ہوئی گھر آئی جس کے بعد ہمیں زیادتی کا معلوم ہوا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کینٹ عیسیٰ سکھیرا کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، 10 سالہ بچی کا میڈیکل بھی کروا لیا ہے اور تھانہ جنوبی چھائونی میں واقعے کی رپورٹ درج کر لی ہے، مبینہ زیادتی کے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے گا۔
دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے گونگی، بہری 10سالہ معذور بچی سے زیادتی کے وا قعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور غلام محمود ڈوگر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایسے گھنائونے واقعے میں ملوث ملزم کے خلاف قانون کے تحت سخت سزا دی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی جلد سے جلد یقینی بنائی جائے۔