
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شادی سے انکار پر لڑکی پر تیزاب پھینکنے والے ملزمان کو سخت قید اور جرمانے کی سزائیں سنادی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شادی سے انکار پر لڑکی کو تیزا ب گردی کا نشانہ بنانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں دونوں فریقین نے اپنے اپنے دلائل دیئے۔
پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شادی سے انکار پر ملزمان نے مشتعل ہوکر لڑکی کے منہ پر تیزاب پھینکا، موقع واردات سے تیزاب کا جگ برآمد کیا گیا اور دوران تفتیش ملزمان کے خلاف جرم کے ثبوت بھی سامنے آگئے جس سے ملزمان قصور وار پائے گئے۔
دلائل سننے کے بعد انسداد دہشت گردی کے جج اعجاز احمد بٹر نے مقدمے کا فیصلہ سنادیا جس کے تحت 2 ملزمان شاہ نواز اور محمد احمد کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے عمر قید اور 21،21 سال قید کی سزا سنادیں۔
عدالت نے ملزمان کو قید کے علاوہ42 ،42 لاکھ فی کس دیت کی مد میں اور 10،10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/saza.jpg