لاہور، شاہدرہ میں 2 گروہوں کا تصادم معصوم بچوں کی جان لے گیا

policahahsiaia.jpg

لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں وقاص اور شاہ جہاں گروپ میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 کمسن بچے جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے دونوں گروپس میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا اس بار بھی فائرنگ ہوئی جس سے 6 سالہ مجتبیٰ اور 6 سالہ ارباب بھی متاثر ہوئے، دونوں بچوں کو علاج کیلئے میو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں بچے دوران علاج دم توڑ گئے۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی اور تصدیق کی کہ لڑائی اور فائرنگ کا واقعہ وقاص اور شاہجہاں گروپ کے مابین ہی پیش آیا تھا۔ تاہم ملزمان فرار ہو چکے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں ضیغ، رضا، سعید اور منتظر شامل ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے، ڈی آئی جی آپریشن نے اعلیٰ افسران کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفاک ملزمان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دیا ہے۔

افضال احمد کوثر نے متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت اور جلدازجلد انصاف کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔