
پاکستان تحریک انصاف نے فوری طور پر لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کی تصدیق کے فیصلوں کو ملتوی کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے فوری طور پر لانگ مارچ نہ کرنے اور استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر کے سامنے پیش نا ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اہم فیصلے بنی گالہ میں منعقدہ تحریک انصاف کے کور کمیٹی کے اجلاس میں ہوا، اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم عمران خان نے کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ 15جون کے بعد کیا جائے گا، لانگ مارچ کو موخر کرنے کا مقصد حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ کو دیکھنا ہے، بجٹ پیش ہونے کے بعد ملکی اور دوسرے مرحلے میں ضلعی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ نئے انتخابات کے اعلان کے علاوہ تحریک انصاف کسی اور آپشن پر مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہوگی۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور اس سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، پارٹی نے عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں اپنا پلان بھی تشکیل دیدیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1533400877268193287
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پشاور میں اپنے قیام کو تمام کرکے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومت انہیں مختلف مقدمات میں نامزد کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی۔