
پنجاب میں سیاسی تبدیلی کی افواہیں دم توڑگئیں، ق لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلی چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات میں مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چند دنوں سے مختلف ذرائع سےیہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پنجاب میں ایک بار پھر سیاسی تبدیلی کا امکان ہے جس میں ق لیگ کے اراکین اسمبلی اہم کردار ادا کریں گے، تاہم آج ان خبروں نےدم توڑ دیا ہے۔
آج ق لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنی جماعت کے سینئر رہنما اور وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا، اراکین نے اس موقع پر وزیراعلی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔
https://twitter.com/x/status/1569680886349676545
بعد ازاں ق لیگی اراکین کی وزیراعلی سے ملاقات کی ویڈیو ز اور تصاویر بھی جاری کی گئیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ق لیگ کے 8 اراکین اسمبلی خوشگوار موڈ میں وزیراعلی چوہدری پرویز الہیٰ سے گفتگو کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ تین روز قبل چند خبر رساں اداروں کی جانب سےیہ رپورٹس دی گئیں کہ ق لیگ کے نصف سے زیادہ اراکین پنجاب اسمبلی چوہدری شجاعت حسین سے رابطے میں ہیں اور ان اراکین نے پارٹی سربراہ کے ہر فیصلے کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی چشتیاں جلسے میں خطاب کے دوران انکشاف کیا تھا کہ پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش تیار کی جارہی ہےاور اس سازش میں مسٹر ایکس اور مسٹر وائے بھی اراکین کو دھمکیاں دے رہےہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6cmpervezelahi.jpg