بلوچستان پولیس کے اہلکار وسائل کی کمی کے باوجود دلیری سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں : قومی کھلاڑی
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس نے اپنا خیرسگالی سفیر مقرر کر دیا ہے اور اعزازی طور پر انہیں ڈی ایس پی رینک سے نوازا گیا ہے۔ نسیم شاہ کو اعزاز طور پر ڈی ایس پی رینک لگانے کے حوالے سے بلوچستان پولیس آفس کوئٹہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں باضابطہ طور پر پولیس یونیفارم پہنانے کے ساتھ رینکس بھی لگائے گئے۔
https://twitter.com/x/status/1621840321909866496
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ قومی کھلاڑی نسیم شاہ ہمارے ملک کے نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہے جس نے اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنا مقام بنایا۔ بلوچستان پولیس کے لیے نسیم شاہ کو ڈی ایس پی مقرر کرنا اعزاز کی بات ہے، مہذب قومیں اپنے ہیروز کو قومی ہیروز بناتی ہے، یہ اعزاز ہم اپنے قومی ہیرو کی خدمات کو سراہتے ہوئے دے رہے ہیں۔
نسیم شاہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بچپن میں پولیس سے بہت ڈرتا تھا لیکن ’میرے جیسے پولیس افسر سے کوئی نہیں ڈرے گا۔‘انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے اہلکار وسائل کی کمی کے باوجود دلیری سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اپنی ڈیوٹی کرتے ہوئے وہ نیند کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں میں کھیل کر قومی ٹیم تک پہنچنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
https://twitter.com/x/status/1621901282813558785
کوئٹہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں بلوچستان پولیس کے شہداء پر بنی ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی جبکہ پشاور پولیس لائنز سانحے میں شہید ہونے والے پولیس افسران واہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ تقریب میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔یاد رہے کہ اس سے پہلے قومی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی خیبرپختونخوا پولیس کا خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/17naseemshahahdsp.jpg