
قومی ایئرلائن کی پشاور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 283 میں مسافر نے دوران سفر ہلڑبازی شروع کر دی، مسافر پرواز میں دیگر مسافروں اور جہاز کے عملے سے عجیب حرکتیں کرتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق 14 ستمبر کو پشاور سے بیرون ملک جانے والی پرواز میں مسافر پہلے اوٹ پٹانگ بولتا رہا اور بعد میں جہاز کی سیٹوں کو مکے مارنے لگا، اس کے بعد فرش پر لیٹ گیا اور پھر جہاز کو نقصان پہنچانے اور ساتھی مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنے کیلئے جہاز کی کھڑکی کا شیشہ بھی توڑنے کی کوشش کی۔
فضائی عملے نے جب اس مسافر کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کی تو اس نے عملے سے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ ان پر بھی حملہ آور ہو گیا جس کے بعد ایوی ایشن قوانین کے مطابق اس کو سیٹ پر بٹھا کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے گئے۔ طیارے کے کیپٹن نے دبئی ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے سیکیورٹی طلب کر لی۔
دبئی ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی حکام نے اس مسافر کو حراست میں لے کر دوبارہ اسی پرواز سے ڈی پورٹ کر دیا جبکہ پی آئی اے نے اس مسافر کو ایئرلائن پر بلیک لسٹ کر دیا۔ قومی ایئرلائن کی جانب سے مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/PIa-ft-ps.jpg