
قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کو خواتین کی ایک اور مخصوص نشست مل گئی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز صدر پارٹی شعبہ خواتین پنجاب ثمینہ خالد کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے قومی اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشست پر کامیاب قرار دے کر باضابطہ طور پر نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 13 مئی 2024ء کو الیکشن کمیشن کی طرف سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر نشست معطل کی گئی تھی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار نے قومی اسمبلی کے حلقہ 171 رحیم یار خان میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد پیپلزپارٹی کو خواتین کی ایک اور مخصوص نشست مل گئی تھی جس پر ثمینہ خالد گھرکی کو نامزد کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے خواتین کی مخصوص نشست پر ثمینہ خالد گھرکی کی کامیابی کے بعد پنجاب میں پیپلزپارٹی کی نشستوں میں 2 کا اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مخصوص نشستوں کے لیے صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کی طرف سے خطوط بھی لکھے گئے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جلد سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کی جائے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر عملدرآمد سے معذرت بھی کر لی ہے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے NA-171 رحیم یار خان میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین نے 1 لاکھ 16 ہزار 429 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ تحریک انصاف کے امیدوار حسان مصطفیٰ نے 58 ہزار 251 ووٹ حاصل کیے، یہ نشست تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ممتاز مصطفیٰ کے انتقال کے باعث خالی ہو گئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14ppkiseatjshjdhkdjh.png