قطر اور امریکہ کے درمیان 160 بوئنگ طیاروں کا تاریخی معاہدہ

screenshot_1747247769217.png



دوحہ – قطر اور امریکہ کے درمیان اربوں ڈالر کے فضائی اور دفاعی معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں، جن میں قطر ایئرویز اور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے درمیان 160 جدید طیاروں کی خریداری کا تاریخی معاہدہ شامل ہے۔


بین الاقوامی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوحہ پہنچنے پر شاہی پروٹوکول کے تحت ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر دوحہ کے شاہی محل میں اہم سفارتی ملاقاتیں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے۔


ٹرمپ کی موجودگی میں قطر ایئرویز نے بوئنگ کمپنی کے ساتھ 200 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے 160 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ طے کیا۔ اس موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور امریکی صدر دونوں نے معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کی، جو قطر اور امریکہ کے درمیان معاشی و تکنیکی تعلقات میں نئی پیش رفت کی علامت ہے۔


صدر ٹرمپ نے معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ "یہ نہ صرف ایک زبردست سودا ہے بلکہ یہ بوئنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر بھی ہے، جس پر میں کمپنی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔"


بوئنگ کے سی ای او کیلی آرٹبرگ نے بھی تصدیق کی کہ یہ کمپنی کے لیے اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ قطر ایئرویز کے سی ای او بدر محمد المیر بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے اس سودے کو "قطر کی فضائی قوت میں انقلابی اضافہ" قرار دیا۔


اس معاہدے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، جس میں امریکی ساختہ ایم کیو نائن بی ڈرونز کی قطر کو فروخت شامل ہے۔


دریں اثنا، شام پر پابندیوں کے خاتمے سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کو اس بارے میں آگاہ کر چکے ہیں، اور شامی صدر کو موقع دینا مناسب سمجھتے ہیں، کیوں کہ اسرائیل طویل عرصے سے جنگ کی حالت میں ہے۔


تاہم، معاہدے کی تفصیلات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بوئنگ کے کون سے ماڈلز آرڈر کیے گئے ہیں اور آیا یہ مکمل تصدیق شدہ آرڈر ہیں یا محض اختیارات کی صورت میں۔


ماہرین کے مطابق اگر اس آرڈر میں بوئنگ کے مہنگے ماڈل '777 ایکس' شامل ہوں، تو 160 طیاروں کی ممکنہ مجموعی قیمت تقریباً 70 ارب ڈالر بنتی ہے، کیونکہ کمپنی اب اپنی پرانی قیمتوں کی فہرست جاری نہیں کرتی۔


یہ تاریخی سودا خلیجی ریاستوں کے ساتھ امریکی صدر کے دورے کے دوسرے مرحلے میں عمل میں آیا، جب کہ اس سے قبل ٹرمپ سعودی عرب میں کئی اہم معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں۔
 

Back
Top