
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ فیٹف کے سامنے پاکستان کی مخالفت کرنے والے ملکوں میں دوست ملک بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شوکت ترین نے ان خیالات کا اظہار سینیٹ کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے گرے لسٹ سے نکلنے سے متعلق شرائط پر عمل کیے جانے کے باوجود پاکستان کو جان بوجھ کر دباؤ اور انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان پر گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے اٹھائیس شرائط عائد کی تھی جن میں سے پاکستان میں 27 پر عمل درآمد کو یقینی بنایا، جس شرط کے کچھ نکات پر عملدرآمد کیا گیا وہ ٹرانزیکشنل تھی صرف اس ایک شرط کی بنیاد پر پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھا گیا۔
شوکت ترین نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں کچھ ممالک سیاسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور پاکستان کی مخالفت کر رہے ہیں، اس میں جن ممالک نے پاکستان کے مخالف پوزیشن لے رکھی ہے ان میں پاکستان کے دوست ممالک بھی شامل ہیں۔
شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں پاکستان ایف اے ٹی ایف کی وائٹ لسٹ میں شامل تھا تاہم اسی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے نگران حکومت کے دور میں ملک کو گرے لسٹ میں شامل کیا گیا، امید ہے آئندہ سیشن میں ہم گرے لسٹ سے دوبارہ وائٹ لسٹ میں شامل ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5shaukattareenfatf.jpg