
فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار کی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 20 اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات رونما ہونا شروع ہوگئے ہیں ، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری علی افضل ساہی کی گاڑی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں،پولیس کے مطابق جس وقت گاڑی پر فائرنگ ہوئی خوش قسمتی سے علی افضل ساہی گاڑی میں موجود نہیں تھے۔
ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی اور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر ضروری شواہد اکھٹے کیے اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، پولیس نے ملزمان کی تلاش کےلئ شہر میں ناکہ بندی بھی کردی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے حلقہ167 لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر حملہ کیاگیا تھا، اس حملے میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔