
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے واضح کرطور پر کہہ دیا کہ پاک فوج کی توجہ سیکیورٹی کی صورت حال پر ہے اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا میں ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے میران شاہ میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔
جنرل عاصم منیر کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی سیکیورٹی صورت حال اور دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جوابی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی،آرمی چیف نے پاک-افغان سرحد کا بھی دورہ کیا جہاں فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملے، افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاریوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ فوج کی سیکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورت حال پر توجہ ہے، دہشت گردوں سے نمٹنے اور ان کے سہولت کاروں سے گٹھ جوڑ توڑنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ سماجی اقتصادی ترقی کے ذریعے پائیدار امن یقینی بنایا جاسکے۔
آرمی چیف نے کہا پاک فوج بڑی محنت سے حاصل کیے گئے امن کو مضبوط بنائے گی جو بہادر پاکستانی قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے ممکن ہوا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا جہاں ایس ایس جی افسران اور جوانوں سمیت ضرار کمپنی کے ان جوانوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے مرکز میں کارروائی میں حصہ لیا تھا۔